شیخ الازہر نے قاہرہ میں کینیڈا کے سفیر سے ملاقات کی تعلیمی و دعوتی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر گفتگو

شيخ الأزهر يستقبل سفير كندا بالقاهرة لبحث سُبُل تعزيز التعاون العلمي والدعوي .jpeg

شیخ الازہر: ہم کینیڈا میں عربی زبان کی تعلیم کے لیے مرکز کھولنے کے لیے تیار ہیں، تاکہ وہاں کے مسلمانوں کی خدمت ہو اور تہذیبی روابط کو تقویت ملے۔
کینیڈا کے سفیر نے الازہر اور امامِ اکبر کے امن و بقائے باہمی کے فروغ میں کردار کی تعریف کی۔

عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف نے  قاہرہ میں کینیڈا کے سفیر جناب اُولرِک شینون سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے تعلیمی اور دینی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران، شیخ الازہر نے اس بات کا اظہار کیا کہ الازہر کینیڈا میں عربی زبان کی تعلیم کا مرکز قائم کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ کینیڈا کے مسلمانوں اور عرب و اسلامی کمیونٹی کو قرآنِ کریم کی زبان سیکھنے میں مدد ملے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے ائمہ کو "الازہر انٹرنیشنل اکیڈمی برائے تربیتِ ائمہ و مبلغین" میں خوش آمدید کہا جائے گا، جہاں انہیں دعوتی مہارتوں میں ترقی دینے، انتہا پسند سوچ کا مقابلہ کرنے اور اسلام کے درست تصورات جیسے بقائے باہمی، عورت کے حقوق، اور مغربی معاشروں میں مسلمانوں کا مثبت کردار کی وضاحت کے قابل بنانے کے لیے تیار کیا جائے گا۔


شیخ الازہر نے اس بات پر زور دیا کہ الازہر دنیا بھر میں اسلامی مراکز اور مذہبی اداروں کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے، تاکہ امن پھیلانے، مکالمے اور انسانی اخوت کی ثقافت کو تقویت دی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یہی وژن مقامی سطح پر "مصری فیملی ہاؤس" کے قیام کا سبب بنا، جس نے الازہر اور مختلف مصری گرجا گھروں کو یکجا کیا، اور ملک میں فرقہ وارانہ فتنے کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔



مزید برآں، انہوں نے وضاحت کی کہ الازہر نے مقامی امن سے عالمی امن تک کا سفر طے کیا، اور دنیا کی بڑی مذہبی و ثقافتی تنظیموں جیسے عالمی چرچ کونسل، مشرقِ وسطیٰ چرچ کونسل اور چرچ آف کینٹربری کے ساتھ روابط قائم کیے۔ ان کوششوں کا نقطۂ عروج 2019ء میں پوپ فرانسس کے ساتھ "دستاویزِ اخوتِ انسانی" پر دستخط تھا۔


اپنی  طرف سے ، کینیڈا کے سفیر نے شیخ الازہر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ الازہر اور امامِ اکبر امن اور بقائے باہمی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں مقیم 20 لاکھ سے زیادہ مسلمان الازہر کو انتہائی عزت اور اعتماد کی نظر سے دیکھتے ہیں۔



سفیر "شینون" نے الازہر کی جانب سے کینیڈا میں عربی زبان کی تعلیم کا مرکز قائم کرنے کی تجویز کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ کینیڈا کی مسلم کمیونٹی کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل کرے گا، کیونکہ الازہر دنیا بھر میں ایک مستند دینی مرجع اور اعتماد کا سرچشمہ ہے۔

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2025