شیخ الازہر کی ہدایت پر... "بیت الزکاة والصدقات" کی جانب سے ہنگامی امدادی قافلہ، جس میں ہزاروں ٹن غذائی اور طبی سامان شامل ہے، غزہ کے لیے روانہ۔

بتوجيهات شيخ الأزهر.. قافلة إغاثية عاجلة.jpeg



عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف کی ہدایت اور بطورِ نگرانِ اعلیٰ "بیت الزکاة والصدقات"، ادارہ اپنی انسانی ہمدردی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اہلِ غزہ کو اس سنگین انسانی المیے اور بھوک و افلاس سے نجات دلائی جا سکے، جو صیہونی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہوا ہے۔


"بیت الزکاة والصدقات" نے اپنی بین الاقوامی مہم "أغيثوا غزة" (غزہ کی مدد کریں) کے تحت گیارہواں ریلیف قافلہ روانہ کیا ہے، جو ہزاروں ٹن غذائی و امدادی سامان کے علاوہ ایک ہزار (1000) مکمل طور پر تیار خیمے لے کر جا رہا ہے تاکہ ان خاندانوں کو پناہ دی جا سکے جن کے گھر تباہ ہو چکے ہیں۔


یہ قافلہ اس سلسلے کا تسلسل ہے جس میں اب تک 10 قافلے روانہ کیے جا چکے ہیں۔ تازہ قافلہ خاص طور پر خواتین اور بچوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے پر مرکوز ہے، کیونکہ وہ نقل مکانی، وسائل کی کمی اور بنیادی اشیائے ضرورت کی شدید قلت کا شکار ہیں۔


قافلے میں ادویات، طبی سامان، بچوں کا دودھ، ڈائپرز، حفظانِ صحت کی مصنوعات، کپڑے، کمبل، خشک اور ڈبہ بند غذائی اجناس کے ساتھ ساتھ پینے کا صاف پانی بھی شامل ہے، تاکہ متاثرہ اور کمزور طبقات کو زندگی گزارنے کے قابل سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔


"بیت الزکاة والصدقات" نے اس بات پر زور دیا کہ یہ قافلہ اس انسانی پیغام کا عملی مظہر ہے، جو ہر عادلانہ انسانی مسئلے کے ساتھ کھڑے ہونے پر مبنی ہے، بالخصوص فلسطین کے مسئلے پر۔ یہ اقدام اس عالمی مہم کا حصہ ہے جو شیخ الازہر نے  "جاهدوا بأموالكم.. وانصروا فلسطين" (اپنے مال سے جہاد کرو… اور فلسطین کی مدد کرو) کے نعرے کے تحت شروع کی: ، جسے دنیا کے 80 سے زائد ممالک کے اداروں اور افراد کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور پچھلے قافلوں کے لیے ان کی بھرپور معاونت حاصل رہی۔



ادارہ نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ زمینی سطح پر ضروریات اور ترجیحات کے مطابق امدادی قافلوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ یہ کام اہلِ خیر کے تعاون سے کیا جائے گا، چاہے وہ مصر سے ہوں یا بیرونِ ملک سے، اور یہ سب مصر کی سرکاری کوششوں کے تکملے کے طور پر ہو گا تاکہ فلسطین کی حمایت، جارحیت کے خاتمے، محاصرے کے اٹھائے جانے اور اہلِ غزہ کے لیے مختلف اقسام کی امداد فراہم کی جا سکے۔

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2025