شیخُ الازہر نے مالی کے سفیر سے ملاقات کی، مالی کے ائمہ کی تربیت اور تعلیمی وظائف میں اضافے کے لیے الازہر کی آمادگی کا اظہارکیا۔

شيخ الأزهر يستقبل سفير مالي.jpeg

عزت مآب امام اکبر   پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخُ الازہر شریف نے بروز جمعرات  مشیخۃ الازہر میں قاہرہ میں تعینات جمہوریۂ مالی کے نئے سفیر، عزت مآب سامبا الحمدوبابی، کا خیر مقدم کیا
اس موقع پر عزت مآب امام اکبر   نے ازہر  شریف اور جمہوریۂ مالی کے درمیان قائم گہرے اور تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا  کہ اس وقت الازہر کے مختلف تعلیمی مراحل میں (369) مالی طلبہ زیر تعلیم ہیں، جب کہ (14) ازہری مندوبین مالی کے دینی اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ اعتدال، توازن اور صحیح اسلامی فکر پر مبنی ازہری منہج کو فروغ دیا جا سکے۔
عزت مآب امام اکبر   نے اس بات پر بھی زور دیا کہ  ازہر، مالی کے طلبہ کے لیے مختص تعلیمی وظائف میں مزید اضافے کے لیے تیار ہے، تاکہ مالی معاشرے کی علمی اور دینی ضروریات بہتر طور پر پوری کی جا سکیں۔ مزید برآں، انہوں نے مالی کے ائمہ و خطباء کو ’’الازہر عالمی اکیڈمی برائے تربیتِ ائمہ و واعظین‘‘ میں تربیت دینے کا خیر مقدم کیا۔ یہ تربیت ایک مضبوط اور متوازن ازہری نصاب کے تحت فراہم کی جاتی ہے، جس کا مقصد انتہاپسندی کا سدِّ باب، شدت پسند جماعتوں کے گمراہ کن نظریات کی تردید، اور ائمہ کی معاصر مسائل سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، خصوصاً بقائے باہمی، دوسروں کو قبول کرنے اور اسلام میں خواتین کے مقام سے متعلق پھیلائے جانے والے شبہات کا مدلل جواب دینا شامل ہے۔
 دوسری جانب مالی کے سفیر نے شیخُ الازہر سے ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے ان کی گراں قدر مساعی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بالخصوص مالی کے طلبہ سمیت تمام غیر ملکی طلبہ کے لیے الازہر کی جانب سے فراہم کی جانے والی سرپرستی اور معاونت کو نہایت قابلِ قدر قرار دیا۔
مالی  کے سفیر نے مزید کہا کہ ان کا ملک الازہر کے فارغ التحصیل طلبہ سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے، خصوصاً معاشرتی امن کے فروغ اور انتہاپسندی کے انسداد کے میدان میں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مالی میں ازہری فارغین کو نہایت معزز مقام حاصل ہے، جو انہیں ملک کے اعلیٰ ترین قائدانہ مناصب سنبھالنے کے قابل بناتا ہے۔

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2026