شیخُ الازہر نے قاہرہ میں اردن کے سفیر سے ملاقات کی

شيخ الأزهر يستقبل السفير الأردني بالقاهرة .jpg

عزت مآب امام اکبر   پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخُ الازہر شریف نے بروز جمعرات  مشیخۃ الازہر میں مملکتِ اردن کے سفیر، عزت مآب امجد العضایلہ کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات کے آغاز میں اردنی سفیر نے مملکتِ اردن ہاشمیہ کے فرمانروا، عزت مآب عبد اللہ الثانی، کی جانب سے عزت مآب   امام اکبر کے لیے نیک تمنائیں اور سلام پیش کیا۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کے مسائل کی حمایت، دنیا بھر کے مسلمانوں کی رہنمائی، اور دینِ اسلام کی حقیقی، معتدل اور پُرامن تصویر کو اجاگر کرنے میں ازہر  شریف کے عظیم کردار کو سراہتے ہوئے شیخُ الازہر کی مساعی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اردن  کے سفیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ان کا ملک ازہر  شریف کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے الازہر کی جانب سے اردنی طلبہ کو فراہم کی جانے والی خصوصی توجہ، تعلیمی وظائف، سہولیات، اور ان کی علمی راہ میں حائل مشکلات کو دور کرنے کی کوششوں کو نہایت قابلِ قدر قرار دیا، تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ علم کے حصول میں مصروف رہ سکیں۔
اس موقع پر شیخُ الازہر نے بھی ازہر  شریف اور مملکتِ اردن کے درمیان قائم گہرے اور برادرانہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا، اور جناب ملک  عبد اللہ  ثانی کی عرب و اسلامی اُمت کے مسائل کے حل اور ان کی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کے لیے صحت و عافیت کی دعا کی۔
عزت مآب امام اکبر   نے مزید کہا  کہ الازہر، اردن کی تمام علمی اور دعوتی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون پر آمادہ ہے۔ اس سلسلے میں اردنی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف، ازہری مندوبین کی روانگی، اور اردنی ائمہ و خطباء کو ’’الازہر عالمی اکیڈمی برائے تربیتِ ائمہ و واعظین‘‘ میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ تربیت ایک جامع اور متوازن ازہری نصاب کے تحت دی جاتی ہے، جسے الازہر کے ممتاز علما اور مختلف شعبوں کے ماہر اساتذہ پر مشتمل ایک خصوصی علمی کمیٹی نے مرتب کیا ہے۔

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2026