شیخُ الازہر کی مصر کے محنت کشوں کو یومِ مزدور کی مبارک باد — کہا: محنت ہی قوموں کی تعمیر و ترقی کی بنیاد ہے
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخُ الازہر شریف نے مصر کے مخلص مزدوروں اور محنت کش خواتین و حضرات کو یومِ مزدور کے موقع پر - جو ہر سال یکم مئی کو منایا جاتا ہے - دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے وطن کی سربلندی، پیداوار کے فروغ، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعمیر وترقی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شیخُ الازہر نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ اسلام میں اخلاص کے ساتھ محنت کرنا ایک عظیم اور بنیادی قدر کی حیثیت رکھتا ہے، اور یہی سنجیدہ و دیانت دارانہ عمل قوموں کی تعمیر، ترقی اور عروج کی اصل بنیاد ہے، جو اپنے وفادار اور مخلص فرزندوں کی محنت سے استوار ہوتی ہے۔انہوں نے قوم کے تمام افراد کو نظم و ضبط، سنجیدگی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہی اوصاف ملک و ملت کی ترقی، خوش حالی اور استحکام کا ذریعہ بنتے ہیں، اور ہمیں اس قابل بناتے ہیں کہ ہم دنیا میں جاری ہمہ جہت ترقی اور جدید تقاضوں کے ساتھ قدم ملا کر آگے بڑھ سکیں۔
انہوں نے مصر کے باوقار اور محنتی مزدور طبقے کے قومی کردار کو سراہتے ہوئے سب کو یہ پیغام دیا کہ وہ اسی جذبۂ ایثار، محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ وطن کی خدمت جاری رکھیں، تاکہ ملک مختلف میدانوں میں مزید ترقی اور خوش حالی کی منزلیں طے کر سکے۔ آخر میں شیخُ الازہر نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ وہ مصر اور اس کے عوام کو ہر آفت، مصیبت اور برائی سے محفوظ رکھے۔