ازہر شریف نے غزہ کی زمینوں پر قبضے کے فیصلے کی مذمت کی: ایک بدنما داغ اور باطل قدم، جس سے سوائے ہلاکت اور خسارے کے کچھ حاصل نہ ہوگا۔
غزہ پر قبضے کا فیصلہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ صیہونی قبضہ فلسطین کو صفحۂ ہستی سے مٹانے اور اسے دنیا کے نقشے سے غائب کرنے کی خبیث نیت رکھتا ہے۔
یہ فیصلہ باطل ہے اور محض ایک ناکام کوشش ہے جو جنگ کو طول دینے اور ناکامی سے مزید ناکامی کی طرف بھاگنے کے مترادف ہے۔
ازہر شریف غزہ کی پٹی پر قابض قوت کے اس غاصبانہ فیصلے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ ظالمانہ اقدام اس امر کا کھلا ثبوت ہے کہ قبضہ فلسطین کو ختم کرنے، اس کی شناخت مٹانے اور باقی ماندہ زمین کو طاقت اور دہشت گردی کے زور پر نگل جانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ازہر اس بات پر زور دیتا ہے کہ یہ ناپاک فیصلہ عالمی اداروں کے ماتھے پر ایک ایسا بدنما داغ ہے جو کبھی نہیں مٹے گا، کیونکہ وہ اس جرم کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ الازہر مطالبہ کرتا ہے کہ اس غاصبانہ پالیسی کا خاتمہ کیا جائے، جو غرور و تکبر، تشدد اور عوام کی بے توقیری پر قائم ہے، جو تمام عالمی معاہدوں اور قوانین کو روندتی ہے، اور فلسطینی عوام کے خلاف مزید قتلِ عام اور مظالم ڈھانے پر اصرار کرتی ہے۔
اسی کے ساتھ، ازہر شریف اس بات پر بھی زور دیتا ہے کہ تمام عربی، اسلامی اور بین الاقوامی کوششوں کو یکجا کرنا ناگزیر ہے، اور ہر قسم کا سیاسی، سفارتی اور قانونی دباؤ بڑھایا جانا چاہیے تاکہ اس عظیم تاریخی المیے کو روکا جا سکے، اور اس تباہ کن کھیل کو ختم کیا جا سکے جس کی مثال انسانیت کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ملتی۔ مزید یہ کہ قابض قوت کی ان کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے جو پورے خطے کو افراتفری اور تباہی کی طرف دھکیلنے پر تلی ہوئی ہے۔