شیخ الازہر کی ہدایت پر … «بیت الزکاة والصدقات» کی گیارہویں امدادی قافلہ غزہ کے اہلِ علاقہ تک پہنچ گیا
ہزاروں ٹن غذائی اجناس، صاف پانی، ادویات، روزمرہ ضروریات اور (1000) سے زائد تیار خیمے بیت الزکاة والصدقات کی جانب سے ہمارے غزہ کے بھائیوں تک پہنچ گئے۔
محصور غزہ کے عوام کی مسلسل امداد اور تعاون کے سلسلے میں، اتوار کی صبح بیت الزکاة والصدقات کا گیارہواں امدادی قافلہ، عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف کی ہدایات پر، رفح بری سرحد کے راستے مصری فلسطینی سرحد سے گزر کر غزہ پہنچا؛ تاکہ اسے فلسطینی بھائیوں میں تقسیم کیا جا سکے جو تقریباً دو برس سے ہولناک قحط کی جنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس سے قبل شیخ الازہر نے ہدایت دی تھی کہ جیسے ہی غزہ میں امدادی سامان کے داخلے کی اجازت ملے، فوری طور پر قافلوں کا دوبارہ آغاز کیا جائے۔
اس قافلے میں ایک ہزار سے زائد مکمل خیمے، ہزاروں ٹن غذائی اجناس، صاف پانی، طبی اور روزمرہ استعمال کی اشیاء شامل تھیں۔ اس کے علاوہ بچوں کا دودھ، ڈائپرز، دوائیں اور طبی دیکھ بھال کا سامان بھی شامل کیا گیا۔ یہ سب ایک ہنگامی ردعمل کے طور پر فراہم کیا گیا، کیونکہ بین الاقوامی اور مقامی رپورٹس میں اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ غزہ میں قحط پھیل چکا ہے اور بحران اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے، خاص طور پر شمالی غزہ میں۔
یہ اقدام عالمی مہم «أغيثوا غزة» (غزہ کی مدد کرو) کا حصہ ہے، جو امامِ اکبر نے نعرے کے ساتھ شروع کی تھی: «اپنے مالوں سے جہاد کرو … اور فلسطین کی نصرت کرو»۔ اس مہم کی تیاری میں دنیا کے (85) سے زائد ممالک کی فلاحی تنظیموں اور انسانی اداروں نے حصہ لیا، اور اس کے ذریعے ہزاروں ٹن امدادی سامان بھیجا گیا، جس میں بنیادی دوائیں اور طبی سامان، بچوں کا دودھ، ڈائپرز، صحت کی دیکھ بھال کے سامان، کپڑے، کمبل، خشک غذائی اجناس، ڈبہ بند اشیاء اور پینے کے قابل پانی شامل ہے۔