شیخ الازہر نے سوڈان میں جبل مرہ کی تباہ کن آفت کے متاثرین سے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کی اور عالمی برادری سے انسانی و امدادی تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف نے سوڈان کے برادر عوام سے جبل مرہ اقلیم دارفور میں آنے والی خوفناک زمینی تودے کی تباہی کے متاثرین پر دلی تعزیت اور سچی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس ہولناک قدرتی آفت میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جو سوڈان کی حالیہ تاریخ کی شدید ترین قدرتی آفات میں سے ایک ہے۔
شیخ الازہر نے اس بڑے سانحے میں سوڈانی بھائیوں کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور امدادی اداروں سے فوری اقدام کی اپیل کی، تاکہ انسانی و امدادی تعاون فراہم کیا جا سکے، متاثرین کی مدد ہو، اور اس المناک آفت کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس نازک گھڑی میں سوڈان کے ساتھ کھڑا ہونا ایک ایسا انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے جو مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔ آخر میں شیخ الازہر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنی وسیع رحمت سے ڈھانپ لے، اُنہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے:
“ہم سب اللہ کے ہیں اور اُسی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔”