جامعہ الازہر میں بین الاقوامی گیارھویں عربِ امپیکٹ فیکٹر‘‘ کانفرنس میں شیخُ الازہر کو ’’شخصیت سال 2026‘‘ قرار دے دیا گیا

الإمام الأكبر أ.د: أحمد الطيب.png

بین الاقوامی گیارھویں ’’عرب امپیکٹ فیکٹر‘‘ کانفرنس نے عزت مآب امام اکبر   پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخُ الازہر شریف  کو ’’شخصیتِ سال 2026‘‘ منتخب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعزاز ان کی علمی، فکری اور انسانی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، نیز عالمی سطح پر امن، بقائے باہمی اور انسانی اخوت کے فروغ، اور  ازہر  شریف کو ایک عالمی علمی و دعوتی مرکز کے طور پر مستحکم بنانے میں ان کی گراں قدر کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جو اعتدال، روشن فکری اور متوازن اسلامی فکر کی اشاعت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ اعزاز ’’عرب امپیکٹ فیکٹر‘‘ کی گیارھویں بین الاقوامی کانفرنس کی سرگرمیوں کے ضمن میں دیا گیا، جس کی میزبانی جامعۃ الازہر پہلی مرتبہ ’’اسلامی معیشت اور ڈیجیٹل تبدیلی‘‘ کے عنوان سے 7 تا 9 مئی 2026 کے دوران کر رہی ہے۔ اس کانفرنس میں مختلف عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز علما، محققین اور ماہرینِ تعلیم شرکت کر رہے ہیں۔
’’عرب امپیکٹ فیکٹر‘‘ کو عرب دنیا کی ایک نمایاں اور مؤثر علمی کاوش تصور کیا جاتا ہے، جس کا مقصد علمی و تحقیقی جرائد کی بین الاقوامی تعلیمی معیارات کے مطابق درجہ بندی اور جانچ کرنا ہے، تاکہ عرب دنیا میں سائنسی و تحقیقی معیار کو بلند کیا جا سکے، عربی زبان میں علمی اشاعت کو فروغ ملے، اور عرب جامعات و تحقیقی اداروں کی علاقائی اور عالمی سطح پر مؤثر نمائندگی ممکن ہو سکے۔

عزت مآب امام اکبر   کو ’’شخصیتِ سال 2026‘‘ قرار دینا اس بلند علمی و فکری مقام کا مظہر ہے جو شیخُ الازہر کو عرب اور عالمی سطح پر حاصل ہے۔ یہ انتخاب امتِ مسلمہ کے مسائل میں ان کے فعال کردار، دینی خطاب کی تجدید، اور مختلف اقوام و تہذیبوں کے درمیان مکالمے، افہام و تفہیم اور باہمی احترام کے فروغ میں ان کی مؤثر خدمات کا اعتراف بھی ہے۔

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2026