شیخُ الازہر کی قاہرہ میں برطانوی سفیر سے ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

شيخ الأزهر يستقبل السفير البريطاني.jpeg

عزت مآب امام اکبر   پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخُ الازہر شریف نے بروز اتوار   مشیخۃ الازہر میں برطانیہ کے سفیر برائے قاہرہ، جناب  مارك برايسون ريتشاردسون سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف امکانات پر گفتگو کی گئی۔
شیخُ الازہر نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ  ازہر شریف نوجوان محققین اور طلبہ کی ایسی نسل تیار کرنے کے لیے کوشاں ہے جو غیر ملکی زبانوں میں مہارت رکھتی ہو، تاکہ الازہر کے معتدل، روشن خیال اور متوازن فکر کو دنیا بھر میں مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔ آپ نے کہا  کہ  ازہر مختلف عالمی ثقافتی اور مذہبی اداروں کے ساتھ مثبت اور تعمیری روابط قائم رکھنے پر یقین رکھتا ہے، تاکہ انسانی بقائے باہمی اور عالمی امن کی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔
امام اکبر   نے مزید کہا  کہ ازہر  شریف اقوام اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے، کیونکہ یہی وہ بہترین راستہ ہے جس کے ذریعے نفرت، انتہاپسندی اور تعصب پر مبنی بیانیوں کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ آپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری اور نوجوانوں کی فکری و شعوری تربیت عالمی امن اور استحکام کے قیام کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب، برطانوی سفیر نے شیخُ الازہر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی اُن نمایاں خدمات کو سراہا جو وہ عالمی سطح پر اخوت، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برطانیہ  ازہر شریف کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
برطانوی سفیر نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ برٹش کونسل کے تعاون سے ازہری اداروں میں انگریزی زبان کی تعلیم کے فروغ کے لیے مختلف منصوبے جاری ہیں، جن میں انگریزی زبان کے اساتذہ کی تربیت، جامعۂ الازہر کے اساتذہ اور معاون تدریسی عملے کے لیے تربیتی کورسز کا انعقاد شامل ہے۔ یہ تمام سرگرمیاں ازہر شریف کے مرکز برائے انگریزی تعلیم کے اشتراک سے انجام دی جا رہی ہیں۔

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2026