امام اکبر: الازہر کا نصاب انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور امن کی ثقافت کو پھیلانے کی صلاحیت رکھتا ہے
امام اکبر: الازہر پوری انسانیت کے مسائل بالخصوص مسئلہ فلسطین کی وجہ سے مہموم ہے۔
جنوبی کوریا کے سفیر نے رواداری کو فروغ دینے اور انسانی بھائی چارے کو پھیلانے میں الازہر کی کوششوں کے لیے اپنے ملک کی طرف سے قدر دانی کا اظہار کیا۔
امام اکبر، پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف نے اتوار کو قاہرہ میں جنوبی کوریا کے سفیر مسٹر کم ینگ ہیون اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا مشیخۃ الازہر میں استقبال کیا۔ اس کا مقصد ازہر شریف اور جنوبی کوریا کے درمیان ثقافتی اور مذہبی تعاون کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
ملاقات کے آغاز میں، امام اکبر نے جنوبی کوریا کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے، جنوبی کوریا کے ساتھ تعاون کو خصوصاً سائنسی، تعلیمی اور مذہبی شعبوں میں مضبوط بنانے کے لیے الازہر کی خواہش پر زور دیا۔ نیز رواداری اور پرامن بقائے باہمی - جسے الازہر ہمیشہ مستحکم کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔ کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے مساجد کے اماموں کو تربیت دینے کے لیے الازہر کی تیاری کا عندیہ بھی دیا، امام اکبر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ الازہر کا پیغام اسلام کے صحیح پیغام کو پھیلانے اور لوگوں کے درمیان بقائے باہمی کا کلچر قائم کرنے پر مبنی ایک عالمی پیغام ہے۔ نیز بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کے لیے الازہر انسٹیٹیوشن کی کوششوں اور دنیا بھر کے مذہبی اداروں جیسے ویٹیکن، ورلڈ کونسل آف چرچز، اور چرچ آف کینٹربری کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کی طرف اشارہ کیا اور اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں الازہر کی مذہبی ذمہ داری اور حقیقی مذہب کو پھیلانے میں اس کے تاریخی کردار پر یقین کی وجہ سے ہیں، ایک روشن خیال، اعتدال پسند نقطہ نظریے پر انحصار کرتے ہوئے جو انتہا پسندی، جنونیت اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے قابل ہے ، اور دنیا کے مختلف حصوں میں امن اور انسانی بھائی چارے کی ثقافت کو پھیلانے کے قابل ہے۔
امام اکبر نے وضاحت کی کہ الازہر کا تعلق عالم اسلام اور پوری انسانیت کے مسائل سے ہے، خاص طور پر مسئلہ فلسطین اور اپنی سرزمین اور جائز حقوق کے دفاع میں فلسطینی عوام کے مصائب سے ہے ۔ اور ان آزاد لوگوں، خاص طور پر منصفانہ سوچ رکھنے والے "غیر صیہونی" یہودیوں کے موقف کی تعریف کی، جو غزہ کے عوام سے روا رکھے گئے صہیونی وجود کے متکبرانہ طرز عمل کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے معصوم لوگوں اور عام شہریوں کے خلاف جارحیت اور بچوں، عورتوں، بوڑھوں اور معصوموں کے خلاف اس کی بربریت کو مسترد کرنے کا اعلان کیا، اور انہوں نے بے گھر افراد کے لیے ہسپتالوں، گرجا گھروں، گھروں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے سے انکار کیا۔
اپنی طرف سے، جنوبی کوریا کے سفیر مسٹر کم ینگ ہیون نے امام اکبر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا، اور اپنے ملک کی طرف سے مصر کے اندر اور باہر مکالمے، رواداری کو فروغ دینے اور انسانی بھائی چارے کی راہ کو ہموار کرنے میں الازہر کی کوششوں کو سراہا۔ اور قوم کے تمام فرقوں کے درمیان بقائے باہمی میں مصری اور جنوبی کوریا کے تجربات کی تعریف کرتے ہوئے الازہر اور جنوبی کوریا کے ثقافتی اور علمی اداروں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور ان کی حمایت کے لیے اپنے عزم اور خواہش پر زور دیا۔