شیخ الازہر نے آذربائیجان میں شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی۔
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب شیخ الأزہر، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز، نے شہزادہ شیخ محمد بن زاید آل نہیان، متحدہ عرب امارات کے صدر سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات عزت مآب امام اکبر کی اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (COP29) کے 29ویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر ہوئی۔
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب شیخ الأزہر، نے اس ملاقات میں امارات اور ازہر کے درمیان گہرے تعلقات پر زور دیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر، شہزادہ شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے ازہر کی عالمی کوششوں کی حمایت میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے مختلف مشترکہ اقدامات کی حمایت کرنے پر شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا، جن میں سب سے اہم مسلم کونسل آف ایلڈرز کی پہل ہے۔ آپ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ متحدہ عرب امارات کا انسانیت پر مبنی نقطہ نظر اور اس کا تسامح اور انسانیت کے لیے مختلف عالمی منصوبوں کی حمایت کرنا قابل ستائش ہے، جو عالمی سطح پر بھائی چارہ اور ہم آہنگی کے فروغ میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب، شہزادہ شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات اور ازہر شریف کے درمیان تعلقات نہایت گہرے ہیں، اور دونوں فریقوں کے درمیان خطے اور دنیا بھر میں مکالمے اور تفہیم کو فروغ دینے کے حوالے سے مسلسل تعاون جاری ہے۔ انہوں نے ازہر شریف کے عالمی سطح پر اس کے اعتدال پسندی اور بقائے باہمی کے فروغ میں کردار کی تعریف کی، خاص طور پر اس کے انسانی اقدار اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی گفتگو کی گئی کہ دینی رہنماؤں اور مذہبی اداروں کا کردار موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں اہم ہے۔ اس میں ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا اور عالمی سطح پر موسمیاتی عمل کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے یکجہتی کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا تاکہ انسانیت کے فائدے اور زمین کو درپیش خطرات سے بچایا جا سکے۔
ملاقات میں عزت مآب ڈاکٹر نظیر عیاد، مفتی جمہوریہ مصر، اور صاحب السمو شیخ حمدان بن محمد بن زاید آل نہیان، نائب صدر دیوان صدرات برائے امور خاصہ، شہزادہ شیخ محمد بن حمد بن طحنون آل نہیان، مشیر برائے امور خاصہ دیوان صدرات، جناب ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر، وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی، اور مشیر محمد عبد السلام، جنرل سیکرٹری مسلم کونسل آف ایلڈرز بھی موجود تھے۔