شیخ الازہر اور پوپ ویٹی کن کا بین المذاہب مکالمے اور انسانی اخوت کے سفر کو جاری رکھنے پر اتفاق
شیخ الازہر اور پوپ ویٹی کن کی غزہ، یوکرین اور سوڈان میں جنگوں کے فوری خاتمے کی اپیل
بروز بدھ، عزت مآب امام اکبر، پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف نے ایک ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیتھولک چرچ کے نومنتخب پوپ، لِیو چہار دہم کو ان کے انتخاب پر مبارک باد دی۔
اس ٹیلیفونک رابطے میں شیخ الازہر نے پوپ لیو چہار دہم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی کامیابی کی دعا کی، کہ وہ دنیا میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینے میں کامیاب ہوں۔ دونوں مذہبی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا میں جاری جنگوں اور تنازعات کو ختم کرنے کے لیے باہمی یکجہتی اور کوششوں کو تیز کرنا ناگزیر ہے، اور انہوں نے عالمی امن کے قیام کے لیے "مکالمہ اور انسانی اخوت" کے عمل کو جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران، غزہ، یوکرین، سوڈان اور دیگر جنگ زدہ ممالک کی سنگین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں شخصیات نے پرزور مطالبہ کیا کہ ان تمام مسلح تنازعات کو فوراً روکا جائے، جن کے نتیجے میں دنیا بھر میں معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔