اقوام متحدہ میں تہذیبی اتحاد کے مندوب اعلی کا استقبال کرتے ہوئے گرینڈ امام کا کہنا تھا: امن و سلامتی کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات میں ازہر شریف تعاون کرتا ہے۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے اقوام متحدہ اور ازہر شریف کے مابین بقائے باہمی کے فروغ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے انسداد اور نفرت واسلاموفوبیا کے مقابلے کے ضمن میں باہمی تعاون کے لیے اقوام متحدہ میں تہذیبی اتحاد کے مندوب اعلی جناب میجل موراتینس کا مشیخۃ الازہر میں استقبال کیا ہے۔
جناب موراتینس نے کہا کہ دنیا کو مذہبی اور تہذیبی تنازعات سے نمٹنے کے لیے دینی قیادت کے مابین تعمیری مکالمہ کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی اخوت کا معاہدہ ایک اہم معاہدہ ہے جس پر ان مظاہر کے مقابلہ کے لیے اقوام متحدہ کے آنے والے اقدامات میں اعتماد کیا جائے گا، اس معاہدے کو اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں تقسیم کیا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ ویٹیکن کے ساتھ ازہر شریف کی کاوشیں دنیا کو ایک بہترین کل دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے اس وضاحت کی کہ اہل سیاست اور اہل مذہب کی مشترکہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور ان کا پہلا اجتماع اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں آئندہ 13 مئی کو ہوگا اور اس میں ازہر شریف کی شرکت اساسی اہمیت کی حامل ہوگی کیونکہ تہذیبوں کے مابین مکالمہ کو فروغ دینے میں سب سے زیادہ سرگرم یہی ادارہ ہے۔
دوسری جانب گرینڈ امام نےاقوام متحدہ میں تہذیبی اتحاد کے مندوب اعلی کو خوش آمدید کہا، انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ ازہر شریف دنیا کے تمام دینی اداروں کے ساتھ کھل کر کام کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے، اور یہ نتیجہ خیز بھی رہا اور اس کا سب سے بڑا پھل ازہر شریف اور ویٹیکن کے مابین ہونے والا انسانی اخوت کا معاہدہ ہے، انہوں نے واضح کیا کہ تہذیبی کشمکش، نفرت اور اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی یلغار میں یہ معاہدہ بڑی اہمیت رکھتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو اس وقت امن کے اقدامات کی ضرورت ہے اور تمام سیاسی قیادت پر لازم ہے کہ وہ اس معاملےکے دینی پہلو کا ادراک کریں جس کی لوگوں کے دلوں میں خاص اہمیت ہے، انہوں نے ان لوگوں کو خبردار کیا جو اپنے تنازعات میں مذاہب اور خاص طور پر اسلام اور عیسائیت کو استعمال کرتے ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کشمکش اقتصادی جنگوں اور بحرانوں سے کہیں زیادہ قابل اشتعال ہے، انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ امن و سلامتی کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات میں ازہر شریف تعاون کرے گا۔