وزیر آبپاشی و آبی وسائل کا استقبال کرتے ہوئے گرینڈ امام کا کہنا تھا: دریائے نیل اہل مصر کی رگ جان ہے اور اس کی حفاظت دینی اور قومی فریضہ ہے۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے وزیر آبپاشی و آبی وسائل ڈاکٹر محمد عبد العاطی کا استقبال کیا ہے، ملاقات کے آغاز میں وزیر آبپاشی و آبی وسائل نے فرانس سے علاج کروانے کے بعد واپسی پر گرینڈ امام کو مبارکباد دی، انہوں نے اپنی آنکھ کا آپریشن کروایا تھا، انہوں نے گرینڈ امام کے لیے صحت و عافیت کی دعا کی، جناب عبد العاطی نے تنظیم تعاون اسلامی کے پلیٹ فارم سے وزراء آبی وسائل کی چوتھی کانفرنس میں پانی کی حفاظت اور اس کے ضیاع کے خطرات کے حوالے سے گرینڈ امام کی گفتگو کو سراہا، انہوں نے لوگوں کی زندگی میں پانی کی اہمیت اور اس کے استعمال سے متعلق شہریوں کو شعور دینے کے لیے وزارت آبی وسائل اور ازہر شریف کے مابین تعاون کی خواہش کا اظہار کیا، اور یہ دریائے نیل کے پانی کی حفاظت کے لیے دینی شعور کو عام کرنے کے ضمن میں وزارت آبپاشی و آبی وسائل اور ازہر شریف کے مابین تعاون کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے عمل میں آئے گا۔
دوسری جانب گرینڈ امام نے کہا کہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہونے کے ساتھ ساتھ پانی کی حفاظت پہلی سطح پر ایک دینی مسئلہ ہے، یہ تمام انسانیت کی زندگی کے لیے درکار ضروری وسائل کا حصہ ہے، انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ پانی کی ملکیت عمومی ملکیت ہوتی ہے، چنانچہ کسی بھی حالت میں اسے کسی خاص شخص یا کسی خاص ملک کی ملکیت میں نہیں دیا جا سکتا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دریائے نیل کا پانی اہل مصر کی رگ جان ہے اور اس میں سے اپنے حصے کا مطالبہ کرنا ان کا حق ہے، انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں دریائے نیل کے پانی میں سے اپنے حصے کا مطالبہ کرنے پر صدر جمہوریہ مصر جناب عبد الفتاح سیسی کوسراہا، انہوں نے کہا کہ مصر کبھی بھی اس معاملے کو زمینی حقائق کی نذر نہیں کرے گا۔