پرتگال کے معاون وزیر خارجہ: ہمارے ملک کے مسلمان تعمیر وترقی کے عمل میں شریک ہیں
عزت مآب امام اکبر، شیخ ازہر جناب پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب نے پرتگال کے معاون وزیر خارجہ برائے سیاسی امور مسٹر فرانسسکو ڈوارٹ کا استقبال کیا جن کے ہمراہ قاہرہ میں پرتگالی سفیر مسز میڈلین فشر بھی موجود تھیں۔ امام اکبر نے مشیخۃ الازہر میں پرتگال کے معاون وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ مشرق اور مغرب میں تعینات سفارت خانوں کی بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ مشرقی اور مغربی تہذیبوں کے درمیان سنجیدہ گفت وشنید کے ذریعے نظریات کی ہم آہنگی اور افکار کو قریب کرنے پر کام کریں اور انہوں نے مزید کہا کہ اس دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں جو اب مشرق تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ مغرب تک پہنچ چکا ہے اور اسی طرح جنگوں سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم کو فروغ دینے اور غریبوں کی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے۔
پرتگال کے معاون وزیر خارجہ نے معتدل اسلام کی وسطیت اور اعتدال کو پھیلانے میں ازہر اور اس کے عظیم کردار کو سراہا ہے اور اس بات کی تاکید کی ہے کہ ان کا ملک دنیا بھر میں امن وانصاف کی اقدار کے قیام کے مقصد سے شیخ ازہر کی کوششوں کے نتائج دیکھ رہا ہے اور اس بات کی بھی وضاحت کی کہ اسلام امن اور رحمت کا مذہب ہے اور اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ پرتگال میں مسلمان سلامتی اور امن کے ساتھ رہ رہے ہیں اور ملک کی تعمیر وترقی میں حصہ بھی لے رہے ہیں۔