امام اکبر الازہر براعظم افریقہ کی علمی اور دعوتی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہے ۔
امام اکبر شیخ الازہر پروفیسر احمد طیب نے آج بروز بدھ الازہر کے صدر دفتر میں نائجر میں مصر کے نئے سفیر سید الصلاحی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے آغاز میں، امام اکبر نے سفیر کا خیرمقدم کیا، انہیں نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، ان کی کامیابی اور ترقی کی خواہش کی، اور نائجر اور افریقہ میں اپنے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے الازہرکی خواہش پر زور دیا۔ امام اکبر شیخ الازہر نے کہا کہ الازہر براعظم افریقہ کی علمی اور دعوتی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہے ۔اور اس ذمہ داری کو نبھانے کی غرض سے ضروری ہے کہ ازہر اعتدال پسند منہج کو فروغ دینے والے نمائندے بھیجے اور اپنی اداروں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے افریقی طلباء اور باحثین کا استقبال کرے۔ انہوں نے آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے حصول کے لیے افریقہ میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی، الازہر کی جانب سے نائجر کے اماموں کی تربیت کے لیے الازہر انٹرنیشنل اکیڈمی برائے امام اور مبلغین کی تربیت کے لیے تیاری پر زور دیا تاکہ وہ انتہا پسندی کے فتووں کا مقابلہ کرنے کے لیے اہل ہوں۔
اپنی طرف سے، نائجر میں مصر کے سفیر نے کہا کہ وہ افریقہ اور پوری دنیا میں اعتدال پسند اسلامی افکار وخیالات کو پھیلانے والے اسٹریٹجک مرکز کے طور پر ازہر کی عظیم حیثیت کو تسلیم کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ و ہ نائجر میں مصر کے سفیر کا عہدہ سنبھالنے کے دوران الازہر کی علمی، ثقافتی اور تبلیغی دعوت کی ترقی کے لیے سخت محنت کریں گے تاکہ الازہر کے اعتدال پسند پیغام کو ساری دنیا تک پہنچایا جا سکے۔