مشترکہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کے لیے امام اکبر شیخ الازہر سے برطانوی سفیر کی ملاقات
امام اکبر شیخ الازہر پروفیسر احمد الطیب نے آج بروز منگل الازہر کے صدر دفتر میں مصر میں برطانوی سفیر مسٹر گیرتھ بیلی سے ملاقات کی تاکہ دونوں فریقوں کے درمیان مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ امام اکبر نے کہا: ہمارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پوری انسانیت کے پیغمبر ہیں اور تمام آسمانی پیغامات امن کا پیغام ہی لے کر آئے ہیں اور خدا نے ہمیں حقوق و فرائض میں برابر پیدا کیا ہے مگر شکل و صورت، مذہب اور نسل میں ہمیں مختلف بنایا ہے، اور یہ اختلاف ایک الہی حکمت ہے۔ تمام مذاہب نے اس اختلاف کے ساتھ اچھا سلوک برتنے اور رواداری سے پیش آنے کی ہدایت دی ہے ۔
امام اکبر شیخ الازہر نے نشاندہی کی کہ الازہر نے مشرق اور مغرب کے درمیان نفرت اور عدم برداشت کی دھار کو روکنے اور بدلے میں امن، بقائے باہمی اور بھائی چارہ قائم کرنے کے لیے دنیا بھر کے مذہبی اور ثقافتی اداروں کے سامنے اپنے دروازے کھول دیے ہیں ۔ آپ نے مزید تاکید کی کہ دور حاضر کے سنگین حالات اور درپیش مسائل جیسے تعلیم اور ثقافت کی سطح میں کمی، ماحولیاتی اور معاشرتی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے سب کا یکجا ہونا نہایت اہم ہے، اور یہ ذمہ داری ایک مشترکہ انسانی فریضہ ہے۔
اپنی طرف سے، برطانوی سفیر نے امام اکبر شیخ الازہر کو عید میلاد النبی کے موقع پر مبارکباد پیش کی، اس اہم ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا، اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کے لیے یورپ میں امام اکبر کے دوروں اور دنیا کے بڑے گرجا گھروں کے رہنماؤں کے ساتھ رابطوں کے پل بچھانے کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔ انہوں نے علمی اور مذہبی شعبوں میں الازہر شریف کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے برطانیہ کی خواہش پر بھی تاکید کی کیونکہ الازہر کو انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے ، اماموں کی تربیت اور عالمی امن کو فروغ دینے میں کافی حد تک تجربہ ہے۔