شیخ الازہر : الازہر کے اسکالرشپس میں افریقہ کے طلبا کو ترجیح حاصل ہے
امام اکبر شیخ الازہر پروفیسر احمد الطیب نے پیر کی صبح ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کی نائب وزیر اعظم اور پانی، ماحولیات اور پائیدار ترقی کی وزیر محترمہ حوا ایف پازیبا مسعودی کا استقبال کیا۔ امام اکبر شیخ الازہر نے کہا کہ الازہر افریقہ میں اپنی اہمیت کی وجہ سے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کو علمی اور تبلیغی مدد فراہم کرنے کا خواہاں ہے اور اس امر کی تاکید کی کہ ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے طلباء کو دیے جانے والے وظائف کو 20 سالانہ اسکالرشپس کے بجائے 40 کرنے کا فیصلہ کیا ہے، علاوہ ازیں ان کو فیکلٹی آف انجینئرنگ، فیکلٹی آف میڈیسن وغیرہ جیسے پریکٹیکل کالجوں کے ساتھ ساتھ دیگر اسلامیک فیکلٹیز میں شمولیت کا حق بھی حاصل کیا ہے۔
امام اکبر نے وضاحت کی کہ جامعہ الازہر کی طرف سے فراہم کردہ وظائف میں افریقی براعظم کے طلباء کو ترجیح حاصل ہے انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الازہر یونیورسٹی میں افریقی طلباء کی تعداد 5,500 سے زائد ہے جو شرعی، عملی اور دیگر علوم کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس کے نتیجے میں براعظم کے ممالک کو مختلف شعبوں میں ان کے ترقیاتی اہداف حاصل کرنے اور الازہر کے پیغام کو پہنچانے، اس کے اعتدال پسند منہج کو فروغ دینے اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے میں کس طرح مدد ملتی ہے۔
اپنی طرف سے، کانگو کی نائب وزیر اعظم نے امام اکبر کو افریقہ اور دنیا بھر میں ان کی نمایاں حیثیت پر خراج تحسین پیش کیا اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور اعتدال پسند فکر کو پھیلانے میں الازہر کے کردار کی داد دی۔ انہوں نے الازہر کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے اپنے ملک کی خواہش پر زور دیا تاکہ امن اور انسانی بھائی چارے کی اقدار کی حمایت میں اس کے معتدل انداز اور طویل تجربے سے استفادہ کیا جا سکے۔