شیخ الازہر کی لبنانی وزیر اعظم سے ملاقات اور لبنان کے عوام کے لیے الازہر کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا
لبنان کے وزیرِاعظم نے شیخ الازہر کو اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی… اور اس بات کی تصدیق کی کہ یہ ایک ایسی زیارت ہے جس کا انتظار لبنانی عوام اپنی تمام تر مذہبی برادریوں سمیت کر رہے ہیں۔
عزت مآب امام اکبر، پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف چیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز نے لبنان کے وزیر اعظم جناب نواف سلام نواف سے دبئی میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر مفتی مصر، پروفیسر ڈاکٹر نظیر عیاد بھی موجود تھے۔
شیخ الازہر نے لبنان اور الازہر کے درمیان گہرے تاریخی اور مضبوط تعلقات کی تائید کی، اور کہا کہ الازہر لبنانی عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے، چاہے وہ ائمہ اور مبلغین کی تربیت ہو، یا لبنانی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف میں اضافہ ہو۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عظیم اور عزیز عرب ملک کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔
شیخ الازہر نے لبنانی عوام کو باہمی اتحاد کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی خودمختاری کے خلاف سازشوں سے ہوشیار رہیں، اور ملک کی وحدت کو محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان کو آج اپنے دانش مند اور مخلص بیٹوں کی اشد ضرورت ہے، تاکہ انتشار کو روکا جا سکے اور ملک کے دشمنوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نواف نے شیخ الازہر سے ملاقات پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا، اور کہا کہ وہ شیخ الازہر کے مؤثر اور عالمی کردار کی قدر کرتے ہیں، جو آپ اسلام کی صحیح تصویر پیش کرنے، امن کے فروغ اور بھائی چارے کی اقدار کو راسخ کرنے کے لیے ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ہم ازہر شریف پر فخر کرتے ہیں، یہ عظیم اسلامی ادارہ ہمارے ملک میں ہمیشہ سے مؤثر رہا ہے، اس کے علماء، مبلغین، اور لبنانی فارغ التحصیل حضرات نے ہمارے معاشرے میں بقائے باہمی اور تنوع کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم نے شیخ الازہر کو لبنان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، اور کہا کہ"یہ وہ دورہ ہے جس کا لبنانی قوم شدت سے انتظار کر رہی ہے، کیونکہ وہ قوم آپ سے بے پناہ محبت اور عقیدت رکھتی ہے۔" شیخ الازہر نے دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد لبنان کے دورے کی کوشش کریں گے۔