انسانی ہمدردی کے طور پر، شیخ الازہر نے آیہ مہنی کا استقبال کیا اور اعزاز سے نوازا، جو صوبہ سوہاج میں بصارت سے محروم طالبہ ہے کینسر اور معذوری سے لڑ رہی ہے۔
امام اکبر نے الازہر کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ طالبہ آیہ مہنی، جو کینسر اور معذوری سے لڑنے والی ایک باہمت لڑکی ہے، کی مکمل کفالت کریں اور اس کی تمام ضروریات کو جلد از جلد پورا کریں۔
امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب شیخ الازہر نے آیہ مہنی، جس نے سوہاج میں نابینا طلبہ کے لیے ہونے والے ازہری امتحان میں 99.6٪ نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، سے ملاقات کی۔
شیخ الازہر نے ہدایت دی کہ آیہ مہنی کی تمام ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے، اس کی ہر ممکن مدد کی جائے، اور اس کے شاندار تعلیمی کارنامے پر اسے مالی انعام دیا جائے۔ مزید برآں، اسے الازہر کے خصوصی فنڈ سے ماہانہ وظیفہ دیا جائے اور سوہاج سے قاہرہ منتقلی میں سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اسپتال 57357 میں کینسر کا علاج جاری رکھ سکے۔
شیخ الازہر نے فرمایا کہ آیہ مہنی نے عزم و حوصلے، زندگی سے محبت، اور علم حاصل کرنے کی لگن کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ اس نے بیماری کے حالات اور بڑے چیلنجز کے باوجود ہمت نہیں ہاری۔ الازہر کو اس مثالی اور باہمت طالبہ پر فخر ہے، جو اُمید، کامیابی اور ایمان کے ساتھ ثابت قدمی کی علامت بن چکی ہے۔
یاد رہے کہ آیہ نے دماغ کے رسولی کے آپریشن کے بعد اپنی بینائی کھو دی تھی، مگر اس نے ہار نہیں مانی اور اپنی تعلیمی جدوجہد کو الازہر شریف میں جاری رکھا۔ نتیجتاً وہ صوبہ سوہاج کی سطح پر میٹرک کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔