شیخ الازہر کی چیف جسٹس فلسطین اور فلسطینی وزیرِ اوقاف سے ملاقات
شیخ الازہر: ہم غزہ کی صورتحال پر شدید غم میں ہیں۔
شیخ الازہر: اللہ سے دعا ہے کہ اس تاریخی سانحے کا جلد خاتمہ ہو جو غزہ میں ہو رہا ہے۔
ہباش نے شیخ الازہر سے کہا: فلسطینی عوام آپ اور الازہر کو اپنی جدوجہد میں مضبوط سہارا اور حامی سمجھتے ہیں۔
وزیرِ اوقاف فلسطین: ہم دعا گو ہیں کہ الازہر ہمیشہ فلسطینی عوام اور امتِ مسلمہ کے مسائل کے حق میں آواز بلند کرتا رہے۔
بروز منگل عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف نے مشیخۃ الازہر میں فلسطین کے قاضی القضاہ ڈاکٹر محمود الهباش، جو صدرِ فلسطین کے دینی امور کے مشیر بھی ہیں، اور ڈاکٹر محمد نجم، وزیرِ اوقاف فلسطین، کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران، شیخ الازہر نے فلسطینی مسئلے پر الازہر کے تاریخی اور مستقل مؤقف کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ الازہر ہمیشہ فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے، اور ان کی آزاد ریاست کے قیام کے حق میں ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔ انہوں نے کہا:"ہم غزہ کی موجودہ صورتحال پر شدید غمگین ہیں اور ہر روز شہداء کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اس غیر معمولی تباہی کو انتہائی کرب کے ساتھ دیکھ رہے ہیں، جس نے پوری کی پوری بستیاں مٹا دی ہیں۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اس بے مثال تاریخی سانحے کا جلد خاتمہ کرے اور فلسطینی عوام کو ان کے حقوق، زمین اور وسائل واپس دلائے۔"
اپنی باری پر، قاضی القضاہِ فلسطین ڈاکٹر محمود الهباش نے کہا:
"فلسطینی عوام آپ کو اور الازہر کو اپنی جدوجہد میں ایک مضبوط پشت پناہ اور حقیقی حامی سمجھتے ہیں۔ الازہر کی آواز کو کبھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ آپ کی باتوں اور اصطلاحات کا مطالعہ اور تجزیہ مشرق و مغرب کے بڑے تحقیقی مراکز کرتے ہیں۔ یہ بات اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ آپ کے مؤقف اور بیانات مسئلۂ فلسطین کے لیے کس قدر اہم ہیں۔"
وزیرِ اوقاف فلسطین ڈاکٹر محمد نجم نے کہا:"ہمارے لیے یہ باعثِ اعزاز ہے کہ ہم آپ سے ملاقات کر رہے ہیں، الازہر اس دین کی اعتدال، نرمی اور وسعت کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہم آپ کی مستقل حمایت اور فلسطینی عوام کے ساتھ آپ کی یکجہتی کو سراہتے ہیں۔ الازہر ہمیشہ حق کی آواز بلند کرتا ہے، اور ہم دعا کرتے ہیں کہ یہ ادارہ امتِ مسلمہ اور فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنے والا مضبوط منبر بنا رہے۔"