شیخ الازہر نے غزہ سے یکجہتی کے طور پر انٹرمیڈیٹ پوزیشن ہولڈرز کو مبارکبادی کالز اور نتائج کے اعلان کی پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف نے اس سال حسبِ روایت انٹرمیڈیٹ (ثانویہ ازہریہ) کے پوزیشن ہولڈرز کو دی جانے والی مبارکبادی ٹیلی فون کالز منسوخ کرنے اور نتائج کے اعلان کے لیے ہونے والی پریس کانفرنس بھی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سال صرف نتائج کی منظوری دے کر انہیں براہِ راست جاری اور شائع کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ اہلِ غزہ کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر کیا گیا ہے، جو اس وقت بھوک، قحط اور ایک ایسے وحشیانہ حملے کا شکار ہیں جس کی مثال جدید تاریخ میں نہیں ملتی۔
ازہر شریف نے واضح کیا کہ یہ اقدام اس گہرے دکھ اور غم کے اظہار کے طور پر ہے، جو الازہر اور پوری امتِ مسلمہ و عربیہ کو فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے منظم نسل کُشی کے باعث ہے۔ ادارے نے زور دیا کہ اخلاقی اور انسانی فریضہ یہی ہے کہ جشن اور خوشی کی رسومات پر ہمدردی اور یکجہتی کی آواز کو ترجیح دی جائے۔
مزید برآں، الازہر نے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ہمیشہ اس کی ترجیحات اور کوششوں کے مرکز میں رہے گا۔ اس نے پوری دنیا سے اپیل کی کہ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہوں، ہر ممکن طریقے سے اس جارحیت کو ختم کرنے، قحط اور انسانی المیے کے خاتمے، اور فلسطینی عوام کو آزادی، زندگی، عزت اور اپنی زمین و وسائل کی بحالی جیسے جائز حقوق دلانے کے لیے کام کریں۔