شیخ الازهر نے جامعہ الازهر اور جامعہ قاہرہ کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی
شیخ الازهر نے علمی و ثقافتی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر جامعہ قاہرہ کے صدر سے ملاقات کی۔
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب شیخ الازهر الشریف، نے پیر کے دن مشیخة الازهر میں جامعہ قاہرہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد سامی عبد الصادق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جامعہ الازهر کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سلامہ داؤد، اور جامعہ الازهر و جامعہ قاہرہ کے نائبین بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر غور و خوض تھا۔
عزت مآب امام اکبر نے کہا کہ جامعہ الازهر اور جامعہ قاہرہ کے درمیان پرانے اور گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے مصری اور عرب جامعات کے درمیان مستقبل کے سائنسی تحقیقی کام کو ترقی دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ علم کے مختلف شعبوں میں مسلسل ترقی اور مستقل تبدیلی کا ساتھ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا: ہماری تہذیب کے بکھرے ہوئے دھاگوں کا حل صرف اور صرف ہماری پرانی اسلامی میراث سے رجوع کرنے، اور مستقبل اور جدیدیت کے افق میں اس وسیع تاریخ پر انحصار کرنے میں ہے۔ نیز جدید ٹیکنالوجی سے تحقیقی کام اور اس کے عملی مقاصد کی خدمت کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔
دوسری جانب قاہرہ یونیورسٹی کے صدر اور ان کے ہمراہ وفد نے شیخ الازہر سے ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور ان کی ان عظیم کوششوں کو سراہا جو اسلام کی صحیح تصویر کو پھیلانے اور عالمی بھائی چارے اور امن کے اقدار کو مستحکم کرنے میں کر رہے ہیں۔ انہوں نے منارۃ العلم اور دنیا بھر کے شرعی علوم کے طلبہ کے قبلہ، قدیم ادارہ الازہر پر اپنے فخر کا اظہار کیا۔ نیز قاہرہ یونیورسٹی نے اساتذہ، محققین اور طلبہ کی سطح پر علمی دوروں کے تبادلے، دونوں جامعات کے درمیان مشترکہ تحقیق کو مضبوط بنانے اور تعلیمی تجربات کے تبادلے کے ذریعے جامعہ الازہر کے ساتھ تعاون کے پل قائم کرنے کی اپنی خواہش کی تصدیق کی۔
اس پروٹوکول میں دونوں جامعات نے مصر 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے مستقبل کے منصوبوں کو حاصل کرنے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے، جس میں صنعتی شعبے کے ساتھ تعاون، ضرورت مند علاقوں کی خدمت میں جامعات کے کردار کو مضبوط بنانا، دیہی ترقی سے متعلقہ وزارتوں کے ساتھ معاہدہ کرنے کی کوشش کرنا تاکہ قابل اعتماد معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکے، نیز دونوں اطراف کے معاونین کے درمیان دوروں کا تبادلہ کرنا تاکہ تجربات کے تبادلے کو بڑھایا جا سکے اور ترقیاتی سرگرمیوں میں شرکت کی جا سکے، نیز آگاہی مہم کی سرگرمیوں کے اعلان و تشہیر کے لیے ایک طریقہ کار قائم کرنا، جامعات کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت کو متعارف کرانا، اور دونوں جامعات کے نوجوانوں کے درمیان مختلف علمی شعبوں میں مقابلے منعقد کرنا شامل ہیں