شیخُ الازہر نے کہا کہ پولینڈ میں عربی زبان کے مرکز کے قیام کے لیے ازہر ہر ممکن تعاون کو تیار ہے
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخُ الازہر شریف نے بروز بدھ مشیخۃ الازہر میں پولینڈ کے مفتی اور اعلیٰ مذہبی اتحاد کی سپریم کونسل کے سربراہ، شیخ توماش مشکيفيتش سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پولینڈ کے مسلمانوں کے لیے علمی و دعوتی میدان میں الازہر کی معاونت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخُ الازہر نے اس موقع پر کہا کہ ازہر پولینڈ کے مسلمانوں کے لیے ازہر شریف میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے خصوصی تعلیمی وظائف فراہم کرنے، نیز پولینڈ میں عربی زبان کی تعلیم کے ایک مرکز کے قیام کے لیے تیار ہے، تاکہ وہاں کی مسلم برادری قرآن کریم کی زبان سے بہتر طور پر آشنا ہو سکے۔ مزید برآں، پولینڈ میں ازہری مبلغین کی تعداد بڑھانے اور پولینڈ کے ائمہ کو “الازہر عالمی اکیڈمی برائے تربیتِ ائمہ و واعظین” میں تربیت دینے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا، تاکہ وہ بقائے باہمی، اختلافِ رائے ، اسلام میں عورت کے مقام اور دیگر معاصر مسائل کے حوالے سے اپنی علمی و فکری صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔
دوسری جانب، پولینڈ کے مفتی نے شیخُ الازہر سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی اُن عظیم اور مؤثر کاوشوں کو سراہا جو انسانی اخوت اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے انجام دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا: پولینڈ کا دار االافتاء اپنی تمام آراء اور فتاویٰ میں مکمل طور پر ازہری منہج کا پابند ہے۔ ہم آپ کے بے حد شکر گزار ہیں کہ آپ نے ازہری علماء کو پولینڈ بھیجا، جنہوں نے رمضان المبارک کی بابرکت راتوں کو ہماری مساجد میں روحانی نور سے منور کر دیا اور ان شب ہائے مقدسہ کو ایک خاص ازہری رنگ و آہنگ عطا کیا۔