شیخُ الازہر کی عمانی دارالافتاء کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

شيخ الأزهر يستقبل أمين عام الإفتاء العماني.jpeg

عزت مآب امام اکبر   پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخُ الازہر شریف نے بروز جمعرات  مشیخۃ الازہر میں سلطنتِ عمان کے دارالافتاء کے سیکریٹری جنرل، جناب شیخ احمد بن سعود السيابی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر قاہرہ میں سلطنتِ عمان کے سفیر، عزت مآب سفیر عبد اللہ بن ناصر  رحبی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی علمی و دعوتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
شیخُ الازہر نے اس موقع پر ازہر  شریف اور سلطنتِ عمان کے درمیان قائم گہرے اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا  کہ ان روابط کے استحکام میں عمانی طلبہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ آپ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الازہر سلطنتِ عمان کے طلبہ کے لیے جامعۂ الازہر میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے وظائف کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ مزید برآں، عمان کے ائمہ و خطباء کو “الازہر انٹرنیشنل  اکیڈمی برائے تربیتِ ائمہ و واعظین” میں تربیت فراہم کرنے کی بھی آمادگی ظاہر کی گئی۔
دوسری جانب، جناب  احمد  سيابی نے شیخُ الازہر سے ملاقات پر اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی اُن عظیم خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جو وہ دینِ اسلام کی صحیح تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: کہ ہم سلطنتِ عمان کے طلبہ کے لیے الازہر کی جانب سے فراہم کردہ وظائف پر آپ کے شکر گزار ہیں۔ ہم امتِ مسلمہ کے مسائل کے دفاع میں آپ کے جرات مندانہ مؤقف، صحیح دینی فکر کی اشاعت، اور اسلام کی اعتدال پسند اور رحمت بھری تعلیمات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے مزید اس بات پر زور دیا کہ سلطنتِ عمان اس عظیم اسلامی ادارے، ازہر شریف، کے ساتھ اپنے علمی اور دعوتی روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے۔
 

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2026