شیخ الازہر نے بنگلہ دیش میں مصر کے نئے سفیر سے ملاقات کی اور سفارش کی کہ وہ الازہر کے بین الاقوامی طلباء کی فائل کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں۔
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر شریف نے آج بروز اتوار مشیخۃ الازہر میں سفیر عمر فہمی، عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش میں مصر کے نئے سفیر سے ملاقات کی۔ عزت مآب امام اکبر نے سفیر عمر فہمی سے ان کی نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آپ نے سفارش کی کہ وہ الازہر میں زیر تعلیم غیر ملکی طلباء کی فائل پر توجہ دیں، اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ الازہر میں بنگلہ دیش سے تقریباً 600 طلباء ہیں۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش میں الازہر انسٹی ٹیوٹ بھی موجود ہے نیز الازہر بنگلہ دیشی طلباء کو ازہر شریف میں مختلف سطحوں کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے سالانہ 18 وظائف بھی فراہم کرتا ہے۔ امام اکبر نے ازہر کی جانب سے الازہر انٹرنیشنل اکیڈمی برائے تربیت ائمہ اور مبلغین میں بنگلہ دیشی ائمہ کو قبول کرنے کی تیاری کی بھی تصدیق کی۔ اور اس کے علاوہ الازہر مشنری وعاظ اور معلمین کو بھی بنگلہ دیش بھیجنے کے لیے تیار ہے جو بنگلہ دیشی عوام کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کریں گے۔ دوسری جانب سے، سفیر عمر فہمی نے شیخ الازہر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا، اور امن اور بھائی چارے کی اقدار کو پھیلانے اور ملت اسلامیہ اور امت کے مسائل کے حل کے لیے آپ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نےاس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ الازہر جو مصر کے لیے ایک نرم طاقت ہے کی فائل کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں گے۔ وہ الازہر میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آنے والے طلبہ کے معاملات میں آسانی پیدا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ تاکہ وہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد اپنے ملک میں مصر اور الازہر کے سفیر بن سکیں۔
شیخ الازہر نے ویٹیکن میں مصر کے نئے سفیر سے ملاقات کی اور پوپ فرانسس کو پیغام بھیجا