شیخ الازہر نے ڈاکٹر نظیر عیاد کو مفتی جمہوریہ مصر کے طور پر تقرری پر مبارکباد پیش کی۔
شیخ الازہر نے مفتی جمہوریہ سے کہا کہ اللہ نے آپ کو مفتی کے منصب کے ذریعے آزمایا ہے پس آپ اسے لوگوں کے لئے خیر پیش کرنے کے لئے استعمال کریں۔
عزت مآب امام اکبر ڈاکٹر احمد طیب نے ڈاکٹر نظیر محمد عیاد سیکرٹری جنرل مرکز تحقیقات اسلامیہ کو مفتی جمہوریہ عربیہ مصر کے مفتی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے آپ جناب کے لئے توفیق، کشادگی اور ہدایت کی تمنا ظاہر کی اور دعا کی کہ اللہ عزوجل اس عظیم ذمہ داری سے نبرد آزما ہونے میں آپ کا ممد و معاون ہو اور دار الافتاء مصریہ کے نظام عمل میں بہتری لانے میں آپ کو کامیابی عطا فرمائے جو عامة الناس کے لئے مفید ہو اور ان کے لئے دینی معاملات میں آسانیاں پیدا کرے۔ عزت مآب شیخ صاحب نے جناب مفتی سے فرمایا کہ : "بیشک اللہ تعالی نے آپ کو اس عظیم منصب کے ذریعے آزمایا ہے یہ بہت اہم معاملہ اور عظیم ذمہ داری ہے سو اسے لوگوں کی بھلائی کے لیے استعمال کریں"
اسی طرح عزت مآب امام اکبر نے گزشتہ دور میں دار الافتاء مصریہ کی تعمیر وترقی کے لئے گرانقدر جدوجہد کرنے پر سابق مفتی جمہوریہ ڈاکٹر شوقی علام کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ رب العزت آپ کو کامیابی و کشادگی سے سرفراز فرمائے۔