شیخ الازہر کا فلسطینی ماں اور طبیبہ ڈاکٹر آلاء نجار سے صہیونی بمباری میں ان کے 9 بچوں کی شہادت پر اظہارِ تعزیت

الإمام الأكبر أ.د: أحمد الطيب.png

شیخ الأزہر نے فلسطینی ماں اور ڈاکٹر آلاء نجار سے تعزیت کرتے ہوئے کہا: یہ ایک ہولناک جرم ہے، جو نہتے عوام کے خلاف دہشت گردی کی بدترین شکل ہے جو ایک ایسی قوم  پر کیا جا رہا ہے جس کے پاس صرف اُس کا صبر، اُس کا عزم، اور اُس کا ایمان ہی باقی رہ گیا ہے۔ دلوں کو چیر دینے والے غم اور دکھ کے ساتھ،عزت مآب امام اکبر، پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف ، نے صابرہ و ثابت قدم فلسطینی ماں اور ڈاکٹر، محترمہ آلاء نجار، سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، جن کے نو بچے صہیونی بمباری میں شہید ہوگئے، جبکہ ان کا شوہر اور واحد بچا ہوا بیٹا زخمی ہوا۔ غزہ کی پٹی میں ان کے گھر کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ صہیونی بمباری کے نتیجے میں، ایک ہولناک جرم کا ارتکاب ہوا، جو اس دہشت گردی کی بدترین مثال ہے جو قابض صہیونی ریاست ایک نہتے عوام کے خلاف روا رکھے ہوئے ہے ایک ایسی عوام جس کے پاس صرف اپنا صبر، ثابت قدمی اور ایمان ہی باقی ہے۔
 
شیخ الازہر نے ڈاکٹر آلاء نجار کی غیر معمولی ثابت قدمی اور انسانی خدمت سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا  جنہوں نے اپنے جگر گوشوں کی جلی ہوئی لاشیں وصول کرنے کے باوجود ناصر میڈیکل کمپلیکس میں اپنی طبی خدمات جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منظر پوری دنیا کے انسانی ضمیر اور اس کی پراسرار خاموشی کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے، لیکن عالمی برادری اور بعض حکومتوں کی صہیونی ریاست کی حمایت اس جرم میں شریک بن چکی ہے، اور ایسے جرائم کو بغیر کسی خوف کے جاری رکھنے کی کھلی اجازت دے رہی ہے۔ شیخ الازہر نے زور دیا کہ اس طرح کے مظالم نہ تو حق کی روشنی کو بجھا سکتے ہیں، نہ ہی فلسطینی عوام کے حقوق کو ختم کر سکتے ہیں، اور نہ ہی ان کی سرزمین سے وابستگی کو مٹا سکتے ہیں۔ دنیا کے آزاد انسان ان مظالم کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
 
شیخ الازہر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی رحمت و مغفرت میں ڈھانپ لے، انہیں علیین میں بلند مقام عطا فرمائے، اور ان کے والدین کے لیے روزِ محشر باعثِ فخر و بخشش بنائے، اور والدین کے دلوں پر سکون اور صبر نازل فرمائے، اور انہیں اجرِ عظیم سے نوازے۔ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
 

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2025