فضیلت مآب امام اکبر شیخ الازہر پروفیسر احمد الطیب کا یہ معمول ہے کہ وہ ہر سال ازہری سکنڈری اسکولوں کے نتیجے کی توثیق کے بعد اس امتحان میں اول آنے والوں کو از خود فون کر کے ان کو نتیجہ بتانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتاتے ہیں کہ اس امتحان میں ان کی کارکردگی شاندار رہی، اور پھر پورے سال کی ان کی محنت اور اعلی نمبرات حاصل کرنے کی قدر افزائی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
لیکن اتفاق سے 2014 عیسوی میں وہ طبی جانچ کے لئے جرمنی میں تھے اور اسی دوران ازہری سکنڈری اسکول کا نتیجہ ظاہر ہوا، لیکن اس وقت علاج کی غرض سے بیرون مصر ہونے کے باوجود ازہری سکنڈری مرحلے میں اول آنے والوں کو انہوں نے خود سے مبارکباد دی ، ان کی خوشی میں شریک ہوئے اور انہیں اس بات پر ابھارا کہ وہ اپنی علمی اور تعلیمی زندگی میں اپنی کامیابی اور فوقیت کاسلسلہ جاری رکھیں، اور طلبہ پر اس کا بڑا اثر پڑا، چنانچہ وہ شیخ الازہر کی بیماری کے باوجود ان کی طرف سے کئے جانے والے ٹیلفونی رابطے سے بہت خوش ہوئے، اور ان کے لئے جلد از جلد شفایابی اور صحیح سالم مصر واپسی کی دعا کی۔