گرینڈ امام سے ملاقات کے بعد قاہرہ میں موجود اسپین کے سفیر کا کہنا تھا: ہمارے ملک میں ازہر شریف ایک بڑی حیثیت رکھتا ہے۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے قاہرہ میں اسپین کے نئے سفیر جناب رامن جیل کساریس کا استقبال کرتے ہوئے انہیں سفارتی فرائض شروع کرنے کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی، اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گرینڈ امام نے واضح کیا کہ سپین کے ساتھ مسلمانوں کے تاریخی تعلقات ہیں جن کا تعلق قدیم مشترکہ مسلم تہذیب سے ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ازہر شریف ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور یہ اسپین کے ساتھ علم معرفت کے روابط قائم کرکے اور انتہا پسندی و دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے آئمہ و واعظین کو ٹریننگ دے کر ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب اسپین کے سفیر نے ازہرشریف اور امن عالم اور انسانی بھائی چارے کے لیے گرینڈ امام کی پر حکمت کاوشوں پر اپنے بھر پور احترام کا اظہار کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ اسپین میں ازہر شریف اسلامی ماخذ کے طور پر بڑی حیثیت کا حامل ہے، اسی بقائے باہمی کی ضمانت کی وجہ سے ہی اسپین اپنے مسلمان ہم وطنوں کو ازہر میں تعلیم دلوانے کا خواہاں ہے۔