راس الخیمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی: کوشش ہے کہ ہمارے طلبہ طب کے میدان میں ازہرکے تجربے سے استفادہ کریں۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے راس الخیمہ سٹیٹ کے گورنر شیخ سعود بن صقر قاسمی کے مندوب ڈاکٹر یاسر نعیمی کی سربراہی میں راس الخیمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی کے وفد کا استقبال کیا ہے، ڈاکٹر یاسر نعیمی نے شیخ الازہر کوراس الخیمہ سٹیٹ کے گورنر شیخ سعود بن صقر قاسمی کا سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ازہر شریف کے علمی و دعوتی کردار، فروغِ امن اور بقائے باہمی کے لئے کی جانے والی اس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
وفد نے ازہر شریف اور راس الخیمہ یونیورسٹی کے مابین تعاون اور اس کے طبی تجربے سے استفادہ کرنے کی امید کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ازہر کی میڈیکل فیکلٹیزاور ہسپتال لاکھوں مریضوں کی خدمت میں مصروف ہیں، یہ ایک زرخیز میدان ہے جس سے مختلف تخصصات میں تربیتی سطح پر استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب گرینڈ امام نے کہا کہ ازہر شریف راس الخیمہ یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے، اور طلبہ کو علمی و عملی سپورٹ فراہم کرے گا، انہوں نے ازہر شریف کے ساتھ مستقل تعاون کرنے پر راس الخیمہ سٹیٹ کے گورنر شیخ سعود بن صقر قاسمی اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔