گرینڈ امام نے امریکی جامعات کی اسلامک سٹڈیز میں زیر تعلیم طلباء سے کہا: مغرب میں رہنے والے مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ مسائل کو اہمیت دیں اور اپنے معاشروں میں انسانی اقدار کو اجاگر کریں۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے امریکی جامعات کی اسلامک سٹڈیز میں پڑھنے والے طلبہ کا استقبال کیا، گرینڈ امام نے کہا: ازہر شریف ایک قدیمی درسگاہ ہے جو ہزار سال سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، اس کا کردار صرف تعلیمی سطح پر نہیں بلکہ اس کے کئی سماجی اور انسانی پہلو بھی ہیں، اور یہ ازہر کی تاسیس میں شامل اس کے پیغام کا حصہ ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ سلامتی کو عام کرنے اور تنازعات میں مذہب کو استعمال کرنے کا مقابلہ کرنے کے لیے ازہر شریف ویٹیکن سمیت دنیا کے بڑے مذہبی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے کوششیں صرف کر رہا ہے۔ گرینڈ امام نے طلبہ کے ساتھ کھلا مباحثہ کرتے ہوئے مذہبی اور عالمی مسائل سے متعلق ان کے کئی سوالوں کے جوابات دیئے، انہوں نے مغرب میں رہنے والے مسلمانوں کو دعوت دی کہ وہ اپنے معاشروں میں باہمی رواداری اور بقاۓ باہمی کی ایک مثال بنتے ہوئے انسانی مسائل اور اقدار کو اہمیت دیں۔