گرینڈ امام کے استقبال کے بعد قاہرہ میں سئر لیون کے سفیر نے کہا: ہم منحرف فکر کے مقابلے کے لئے ازہرشریف کی مزید حمایت کے خواہاں ہیں۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے قاہرہ میں سئر لیون کے سفیر موری فوفانا کا استقبال کیا، گرینڈ امام نے کہا کہ ازہر شریف براعظم افریقہ کے تمام باشندوں کے درمیان رواداری کی اقدار راسخ کرنے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرتے ہوئے صحیح فکر کو عام کرنے کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہے، انہوں نے بتایا کہ ازہر شریف جدید مسائل کے ضمن میں سئر لیون کے آئمہ و خطباء کو تربیت دینے اور ازہر شریف کے مختلف شعبوں میں طلباء کو سکالرشپ دینے کے لیے مستعد ہے۔
دوسری جانب سئرلیون کے سفیر نے ازہر میں پڑھنے والے طلباء کی رعایت کرنے پر اپنے ملک کی طرف سے شکریہ ادا کیا، انہوں نے مزید کہا کہ وہ منحرف فکرکے مقابلے کے لئے تعلیمی اور دعوتی سطح پر ازہر کی مزید حمایت کے خواہشمند ہیں، جو سئرلیون کے مسلمانوں کی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔