عید الاضحی کی مبارکباد دینے آئے ایونجلیکل چرچ کے وفد کا استقبال کرتے ہوئے گرینڈ امام کا کہنا تھا: مصر قومی شہریت کی مثال اور بقائے باہمی کا میناربن گیا ہے۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے ایونجلیکل چرچ کے صدر ڈاکٹر آندرے زکی کی سربراہی میں آئے ایونجلیکل چرچ کےوفد کا استقبال کیا، جو شیخ الازہرکو عید الاضحی کی مبارکباد دینے آیا تھا۔ گرینڈ امام نے ان کی اس مبارک باد پر گہری خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے مزید کہا کہ مصری سماج میں رہنے والوں کے مابین محبت و مودت کے یہ جذبات اسلام اور عیسائیت میں موجود سلامتی و رواداری کی اقدار کا نمونہ ہے، اور انہیں اقدار نے رواداری کا یہ مصری ماڈل ترتیب دیا ہے، یہاں تک کہ اب مصر قومی شہریت کی مثال اور بقائے باہمی کا مینار بن چکا ہے۔
دوسری جانب ایونجلیکل چرچ کے وفد نے واضح کیا کہ تہواروں اور عیدوں پر اہل مصر کا باہمی رابطہ حقیقی اخوت کا عکاس ہے، انہوں نے اس بات کی صراحت کی کہ ازہر شریف کا قومی موقف اور اس کا معتدل منہج تمام اہل مصر کے لیے سائبان کی حیثیت رکھتا ہے۔