مسلم سوسائیٹیز کمیٹی اور ادارہ اوقاف کے صدور کی معیت میں اماراتی وفد کا کہنا تھا: ازہر شریف کی کاوشوں نے نوجوانوں کو دہشت گرد تنظیموں کی دھوکہ دہی سے بچانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے متحدہ عرب امارات کے وفد کا استقبال کیا، جس میں مسلم سوسائٹییز کمیٹی کے صدر ڈاکٹر علی بن راشد نعیمی، ادارہ اوقاف کے صدر ڈاکٹر محمد مطر کعبی اور جامع شیخ زاید مرکز کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر یوسف عبداللہ عبیدلی شریک تھے۔ ارکان وفد نے اعتدال اور سلامتی کی اقدار کو عام کرنے، انتہا پسند فکر کا مقابلہ کرنے اور تمام دنیا کی دینی قیادت کے ساتھ رابطہ اور مکالمہ ترتیب دینے میں گرینڈ امام کی کوششوں اور ان کے عالمی کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کی صراحت کی کہ ازہر شریف کی کاوشوں نے نوجوانوں کو دہشت گرد تنظیموں کی دھوکہ دہی سے بچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
دوسری جانب گرینڈ امام نے ان دلی جذبات کے اظہار پر متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، اور انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات امن و سلامتی کی ایک علامت بن چکا ہے۔