گرینڈ امام سے ملاقات کے بعد فلسطین کے چیف جسٹس کا کہنا تھا: مسئلہ فلسطین پر شیخ الازہر کا موقف عالمی قیادت پر گہرا اثر رکھتا ہے۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے قاہرہ کے دورے پر آئے فلسطین کے چیف جسٹس ڈاکٹر محمود الہباش کا استقبال کیا۔ گرینڈ امام نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر ازہر شریف کا موقف حتمی ہے اور وہ بین الاقوامی مجالس میں ہر طرح سے اس کا دفاع کرتا ہے، وہ امن و سلامتی کے خواہشمند تمام ممالک کو مسئلہ فلسطین کے ضمن میں حق و انصاف پر مبنی حل کے ساتھ کھڑے ہونے اور مسجد اقصی کو درپیش مسلسل ظلم و زیادتی سے بچانے کی دعوت دیتا ہے۔
دوسری جانب فلسطین کے چیف جسٹس نے گرینڈ امام کو فلسطین کے حالات اور خاص طور پر بیت المقدس کی حالت پر مطلع کیا، انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ فلسطین کے عمومی مسائل اور خاص طور پر بیت المقدس پر اہل عرب کے متفقہ موقف کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کی حمایت کے ضمن میں شیخ الازہر کا موقف عالمی قیادت پر گہرا اثر رکھتا ہے۔