جرمنی کے کلیسائی وفد سے ملاقات کے دوران گرینڈ امام کا کہنا تھا: اسلامی تعلیمات اخوت انسانی کی دعوت دیتی ہیں اور تمام ادیان ان جرائم سے بری ہیں جو ان کی طرف منسوب کئے جاتے ہیں۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے سینٹ ڈیوڈ جبرہ کی قیادت میں آنے والے جرمنی کے کلیسائی وفد کا استقبال کیا۔ گرینڈ امام نے کہا: اسلامی تعلیمات آسمانی مذاہب کے پیروکاروں کے مابین اخوت کی دعوت دیتی ہیں، انہوں نے مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے ساتھ تبادلۂ افکار اور مختلف مذہبی اداروں کے ساتھ تعاون اور روابط قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں تمام انسانیت کے لیے امن و سلامتی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں، انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ ازہر شریف جرمنی کے مسلمانوں اور عیسائیوں کے مابین رواداری کی اقدار راسخ کرنے کے لیے جرمن چرچ کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے، انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ ہر طبقہ دوسرے کے دین کو سلامتی کے دین کے طور پر دیکھے، اور تمام مذاہب ان جرائم سے بری ہیں جو ان کی طرف منسوب کئے جاتے ہیں، اور کسی بھی دین کے پیروکاروں کی مجرمانہ کارروائیاں اس دین کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کا سبب نہیں ہیں۔
دوسری جانب جرمن وفد نے گرینڈ امام کے استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا،اور انہوں نے امن و رواداری کی اقدار راسخ کرنے میں ازہرشریف اور گرینڈ امام کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے اپنے غیر کو سمونے اور بقائے باہمی کے مثبت نمونے کے طور پر مصری بیت العائلہ ماڈل کے لیے گہری پسندیدگی کا اظہار کیا۔