صومالیہ کے سینئر سنی علماء: ہم اسلام کی رواداری اور پرامن بقائے باہمی کو پھیلانے میں الازہر کے نقش قدم پر چل رہے ہیں
عزت مآب امام اکبر، شیخ ازہر جناب پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب نے صومال میں سینئر علمائے اہل سنت والجماعت کی سپریم کونسل کے چیئرمین شیخ محمود شیخ حسن فرح کا استقبال کیا ہے اور اس ملاقات کے دوران امام اکبر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ برادر صومالیہ کی حمایت کرنے، اعتدال پسند اسلام کے پیغام کو پھیلانے، غلط فہمیوں کو دور کرنے اور انتہا پسندانہ نظریات کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں ہچکچانے والے نہیں ہیں اور یہ کام طلبہ کے لیے مزید اسکالرشیپ مختص کرکے، ازہر کے مشن کو تیز کرکے جو اعتدال ووسطیت کو پھیلا سکے اور اس کے علاوہ اماموں اور مبلغین کی تربیت کرکے اور ان کو اس بات کا اہل بناکر کہ وہ اسلامی پیغام کو پھیلا سکیں، غلط فہمیوں کو دور کرسکیں اور معاشروں میں سلامتی اور امن قائم کر سکیں ان تمام کاوشوں کے ذریعہ ازہر کے مشن کو پورا کیا جاتا ہے۔
اسی طرح شیخ محمود حسن نے امام اکبر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ صومالیہ میں وہ اسلام کی رواداری اور پرامن بقائے باہمی کو پھیلانے اور اعتدال پسند ازہری نصاب کی تعلیم دینے کے لئے ازہر کے نقش قدم پر چل رہے ہیں اور انہوں نے مختلف مذاہب اور عقائد کے لوگوں کے درمیان بقائے باہمی، امن اور بھائی چارے کی اقدار کو مستحکم کرنے میں شیخ ازہر کی کوششوں کو سراہا ہے اور ازہر کو تمام اسلامی ممالک اور عالمی سطح پر جو عزت ووقار اور مقام ومرتبہ حاصل ہے اسے بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔