امام اکبر شیخ الازہر نے ہالینڈ کے سفیر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا : الازہر اور عالمی گرجا گھروں کے درمیان مضبوط تعلقات مذاہب کی رواداری کی عکاسی کرتے ہیں
امام اکبر شیخ الازہر پروفیسر احمد الطیب نے تاکید دیتے ہوئے کہا کہ الازہر کا منہج دوسروں کے احترام کے ساتھ ساتھ تنوع اور تکثیریت پر مبنی ہے اور یہ کہ الازہر اور عالمی گرجا گھروں کے درمیان مضبوط تعلقات مذاہب کی رواداری اور ان کے بلند پایہ پیغام کی عکاسی کرتے ہیں ۔ مگر آج کے دور میں عالمگیر امن ایک ایسے مخمصے کا شکار ہے جو "اسلحہ کی تجارت" کے نام سے جانا جاتا ہے جو دنیا کے مختلف حصوں میں بے گناہ لوگوں کے خون کی قیمت پر جھوٹے منافع کے حصول کے لیے نفرت کو ابھارنے اور تنازعات کو بھڑکانے پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الازہر عقائد کے احترام اور عالمی امن کے حصول کے لیے کی گئی سچی کوششوں کا ہمیشہ خیر مقدم کرتا ہے۔
ہالینڈ کے سفیر نے الازہر کی طرف سے منعقد کی گئی کانفرنسوں اور امام اکبر کے غیر ملکی دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان رواداری، مکالمے اور بھائی چارے کو بڑھانے میں الازہر کے نمایاں کردار کو بے حد سراہتے ہیں کیونکہ اس سے معاشروں میں امن اور اقوام کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ہمیشہ شہریت اور تکثیریت اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کے لیے الازہر کی جانب سے منعقد کیے جانے والے مستقبل کے پروگراموں میں شرکت کے خواہاں ہیں۔