امام اکبر شیخ الازہر نے الازہر کے صدر دفتر میں بحرینی سفیر کا استقبال کیا
امام اکبر شیخ الازہر پروفیسر احمد الطیب نے آج بروز پیر الازہر کے صدر دفتر میں قاہرہ میں مملکت بحرین کے سفیر ہشام بن محمد الجودر کا استقبال کیا۔ امام اکبر نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی طرف سے عرب مسلم قوم کے مقاصد کی خدمت میں ادا کیے گئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ الازہر اور بحرین کے درمیان تعلقات گہرائی اور پائیداری سے موسوم ہیں۔ آپ نے وضاحت کی کہ الازہر کا اعتدال پسند منہج ایک دوسرے کے لیے کھلے پن پر مبنی ہے، جس کا نصب العین ایک ہی ملک کے شہریوں کے درمیان جھگڑوں اور بغاوت کو فروغ دینے والوں کی روک تھام اور مختلف مذاہب کے پیروکار کے درمیان سالمیت اور بھائی چارے کو برقرار رکھنا اور نتیجتا ایک ایسے صحت مند ماحول کی تخلیق کرنا جس میں بھائی چارے اور انسانیت کا جذبہ غالب ہو۔
اپنی طرف سے، بحرین کے سفیر نے اسلامی رواداری کے اصولوں کو قائم کرنے میں الازہر کے قائدانہ کردار اور اسلامی اصولوں کو مستحکم کرنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہنے والے اور بھائی چارے اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینے پر امام اکبر پروفیسر احمد الطیب کے لیے بحرین کی قیادت اور عوام کی قدردانی کا اظہار کیا۔