عالمی مجلس برائے امن و رواداری کے صدر کا کہنا تھا: ازہر شریف ایک فکری ماخذ ہے اور سلامتی کے لیے کام کرنے والوں کا سائبان ہے-
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے عالمی مجلس برائے امن و رواداری کے صدر جناب احمد بن محمد الجروان کا استقبال کیا، گرینڈ امام نے دنیا میں امن و رواداری کو عام کرنے اور تعمیری افکار تشکیل دینے میں اس عالمی مجلس کے کردار کو سراہا، کہا کہ ازہر مجلس کے کردار کی حمایت کرتا ہے اور اس کی ان کاوشوں میں اس کی معاونت کرے گا جو ازہر کے معتدل منہج سے مطابقت رکھتی ہیں،اور یہ منہج تکثیریت اور بقائے باہمی کو راسخ کرتا ہے۔ دوسری جانب عالمی مجلس برائے امن و رواداری کے صدر نے دنیا میں امن و رواداری کو عام کرنے میں مجلس کی کاوشیں گرینڈ امام کے سامنے پیش کیں، انہوں نے بتایا کہ یہ عالمی مجلس دنیا کے تمام اداروں اور امن و سلامتی کےخواہاں ممالک کے ساتھ تعاون کر رہی ہے جو دوسروں کو قبول کرنے کے ساتھ ساتھ تکثیریت پر یقین رکھتے ہیں، اور اس ضمن میں عالمی مجلس کامیاب اقدامات اٹھا کر کئی افکار نافذ کر چکی ہے، جناب جروان نے واضح کیا کہ عالمی مجلس برائے امن و رواداری ازہر شریف کو ایک فکری ماخذ اور دنیا میں سلامتی کے لیے کام کرنے والوں کا سائبان سمجھتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ گرینڈ امام انسانی اخوت اور سلامتی کا نشان بن چکے ہیں اور یہ اس لیے کہ انتہا پسندی کے مقابلے میں اور مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے ساتھ رابطہ قائم کرنے میں ان کا کردار سب کے سامنے ہے، جناب جروان نے مزید کہا کہ وہ اپنی کوششوں کے لیے ازہرکی حمایت کے آرزومند ہیں اور مزید تعاون کی کوشش جاری رکھیں گے، خاص طور پر جبکہ عالمی مجلس نےتعلیمی نصاب اور اعلی تعلیم کے ذریعے معاشرے میں امن و رواداری کو عام کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے، کیونکہ ازہر مختلف مراحل میں تعلیم کے حوالے سے قائدانہ کردار کا حامل سمجھا جاتا ہے۔