شیخ الازہر نے مرکزی محکمہ برائے تنظیم و انتظام کے سربراہ کے ساتھ (40) ہزار اساتذہ کی تقرری کے مراحل پر بات چیت کی
شیخ الازہر: ہم بہترین صلاحیتوں کے انتخاب کے خواہاں ہیں تاکہ ایسی نسلیں تیار ہوں جو اعتدال اور میانہ روی کا پیغام سنبھال سکیں
عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف ننے مرکزی محکمہ برائے تنظیم و انتظام کے سربراہ انجینئر حاتم نبيل سے ملاقات کی، تاکہ الازہر اور محکمے کے درمیان تعاون کو فروغ دینے، بھرتی کے طریقۂ کار کو بہتر بنانے اور الازہر کے مختلف شعبوں میں موجود کمی کو پورا کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے، خصوصاً تعلیم کے شعبے میں۔
شیخ الازہر نے اس بات پر زور دیا کہ ازہر شریف تعلیم کو اپنی اولین ترجیحات میں رکھتا ہے اور ہمیشہ ایسی صلاحیتوں کے انتخاب کو اہمیت دیتا ہے جو اعتدال اور میانہ روی کا پیغام سنبھالنے والی نسلوں کی تعمیر میں کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ الازہر میں تعلیم محض علم کی منتقلی نہیں بلکہ ایک اعلیٰ مقصد ہے، جس کا ہدف ایسی نسلوں کی تیاری ہے جو علم و دین کی روشنی سے فیضیاب ہوں، رواداری اور بقائے باہمی کی قدریں پھیلائیں، اور مضبوط علمی ورثے اور معتدل فکری منہج پر قائم رہتے ہوئے عقل کی عظمت اور انسانی اقدار کو مضبوط کریں۔
اپنی گفتگو میں مرکزی محکمہ کے سربراہ نے (40) ہزار ازہری اساتذہ کی تقرری کے حوالے سے جاری اعلان کی پیش رفت پر روشنی ڈالی، جو چار سال میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پہلی مرحلے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے جس میں (10) ہزار اساتذہ کی تقرری شامل ہے، دو شعبوں میں: ابتدائی تعلیم (ریاض الاطفال) اور ریاضی۔ اس کے مطابق (5500) ابتدائی تعلیم کے اساتذہ اور (4500) ریاضی کے اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تعلیم کی اسامی کے لیے تقریباً (44) ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ ریاضی کے اساتذہ کے لیے (20) ہزار امیدواروں نے درخواست دی۔ اس وقت درخواستوں کی جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ خصوصی امتحانات کا آغاز کیا جا سکے، جو رواں سال نومبر میں متوقع ہیں۔
مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ اعلان کے دوسرے مرحلے میں (10) ہزار اسامیاں شامل ہوں گی، جو درج ذیل شعبوں میں تقسیم کی جائیں گی: قرآنِ کریم، شرعی علوم اور کمپیوٹر سائنس۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال تیاری جاری ہے تاکہ پہلے مرحلے کے امیدواروں کے امتحانات مکمل ہوتے ہی درخواستوں کے لیے رجسٹریشن کو کھولا جا سکے، جس کے بعد تیسرا اور چوتھا مرحلہ بھی بالتدریج شروع کیا جائے گا۔
انجینئر حاتم نبيل نے ازہر شریف کے نئے انتظامی ڈھانچے کا خاکہ بھی پیش کیا، جو الازہر کے وژن اور نئے اداروں و شعبوں کی توسیع کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ مزید برآں، انجینئرنگ، مالی اور انتظامی شعبوں میں موجود کمی کو پورا کرنے کے طریقے اور الازہر کے مختلف شعبوں کی عمومی ضروریات کو پورا کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔